قرآنی سوالات

سوال: سورۂ ملک کی آیت "الذی خلق الموت و الحیاۃ" میں جو لفظ خلق خدا نے بیان کیا ہے تو کیا موت مخلوق ہے؟ اس بات کو کیسے مانا جائے جبکہ موت ایک عدمی امر ہے۔ اس صورت میں خلقت کے کیا معنی ہوں گے؟

جواب: خلق کے متعدد معنی ہیں؛ مشہور ترین معنی تقدیر ہے جس کی طرف صاحبان لغت نے اشارہ کیا ہے لہٰذا اس آیت کے معنی یہ ہوں گے: "وہ خدا کہ جس نے موت و حیات کو تمہارے لئے مقدر اور معین کیا ہے۔" اور مذکورہ آیت کے اس معنی کی شہادت سورۂ واقعہ کی آیت نمبر/ ۶۰ دے رہی ہے کہ "نحن قدرنا بینکم الموت" یعنی ہم نے موت کو تم انسانوں کے لئے مقدار اور معین کیا ہے۔ تفصیلی معلومات حاصل کرنے کے لئے ہماری کتاب "دروس حول الموت و البرزخ و اشراط الساعۃ" کی طرف رجوع فرمائیں۔


سوال: تاریخ کی اوراق گردانی کے بعد یہ بات معلوم ہوتی ہے کہ رسول اکرم (ص) ۲۷/ رجب کو مبعوث ہوئے اور قرآن کی سب سے پہلی آیتیں اسی دن نازل ہوئیں اسی طرح سورۂ قدر میں خدا کا ارشاد ہے کہ "انا انزلناہ فی لیلۃ القدر" کہا جاتا ہے کہ یہ آیت پورے قرآن کے نازل ہونے پر دلالت کرتی ہے جو ماہ رمضان اور شب قدر میں نازل ہوا ہے اور یہ بھی مسلم ہے کہ قرآن ۲۳/ سال کی مدت میں آنحضرت (ص) پر نازل ہوا؛ سوال یہ ہے کہ شواہد اور قرائن کے مطابق قرآن دو بار نازل ہوا؛ ایک بار مکمل دوبارہ تدریجاً اس کی توجیہ کیسے کریں گے؟
جواب: میرا نظریہ یہ ہے کہ قرآن ایک ہی بار نازل ہوا ہے تکرار کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ یاد رہے کہ لفظ قرآن کبھی پورے قرآن کو کہا جاتا ہے کبھی قرآن کے ایک حصہ یا ایک آیت کو جیسے ایک قطرہ کو بھی پانی کہا جاتا ہے اور دنیا کے تمام پانی کو بھی پانی کہنا صحیح ہے لہٰذا "انا انزلناہ فی لیلۃ القدر" کا مطلب یہ ہے کہ قرآن ماہ رمضان اور شب قدر میں نازل ہوا ہے اگرچہ سورۂ اقراء کی پانچ ہی آیت چونکہ پانچ آیت بھی قرآن ہے لیکن مشہور یہ ہے کہ پیغمبر(ص) ۲۷/ رجب کو مبعوث ہوئے اس کا لازمہ یہ نہیں ہے کہ پہلی بار قرآن ۲۷/ رجب کو نازل ہوا ہے۔ مشہور ہے کہ پیغمبر(ص) جب غار حرا سے آئے تو آپ نے فرمایا: "قولوا لا الہ الا اللہ تفلحوا" بعید نہیں ہے کہ قرآن کی پہلی آیتیں بعثت کے دو مہینہ بعد نازل ہوئی ہوں جیسے حضرت موسیٰ کی بعثت کے بعد توریت نازل ہوئی۔
تفصیل کے لئے ہماری کتاب "دروس حول نزول القرآن" کی طرف رجوع فرمائیں۔


سوال: قرآن کریم کی سات قرائتیں مشہور ہیں اور سات غیر مشہور۔ برائے مہربانی بتائیں کہ کون سی صحیح ہیں؟ کیا رسول اکرم(ص) نے ان ساتوں قرائتوں میں تلاوت کی ہے؟
جواب: ہمارے نزدیک یہ بات مسلم ہے کہ ان میں سے کسی ایک بھی قرائت کے ساتھ نماز پڑھنا جائز ہے۔


سوال: کیا قرآن کا موسیقی کے ساتھ پڑھنا جائز ہے؟
جواب: قرآن کا اچھی آواز سے پڑھنا جائز ہے لیکن قرآن کو آلات موسیقی کے ساتھ جس میں غنا شامل ہو؛ پڑھنا صحیح نہیں ہے بلکہ حرام ہے۔


سوال: یہ آیت "و لقد کرمنا بنی آدم" سے تمام انسان مراد ہیں یا خاص گروہ؟
جواب: ظاہراً نوع بشر حیوانات کے مقابلے میں مراد ہے۔


سوال: بعض جگہوں پر آیت الکرسی پڑھنے کا حکم ہے کیا آیت الکرسی "و ھو العلی العظیم" تک ہے یا "ھم فیھا خالدون" تک؟
جواب: بعض روایات سے ظاہر ہوتا ہے کہ آیت الکرسی "و ھو العلی العظیم" تک ہے لیکن احوط یہ ہے کہ "ھم فیھا خالدون" تک پڑھیں۔

 

VTEM IMAGE ROTATOR VTEM IMAGE ROTATOR VTEM IMAGE ROTATOR VTEM IMAGE ROTATOR VTEM IMAGE ROTATOR VTEM IMAGE ROTATOR VTEM IMAGE ROTATOR VTEM IMAGE ROTATOR VTEM IMAGE ROTATOR VTEM IMAGE ROTATOR VTEM IMAGE ROTATOR